ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منموہن سنگھ کے ہاتھوں40لسانی ماہرین و مدیروں کواعزاز

منموہن سنگھ کے ہاتھوں40لسانی ماہرین و مدیروں کواعزاز

Fri, 04 Aug 2017 16:20:36    S.O. News Service

نئی دہلی۔4؍اگست (یو این آئی) سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے ملک میں مختلف زبانوں کے تحفظ میں قابل ذکرشراکت کرنے والے 40 لسانی ماہرین اور مدیروں کو اعزاز سے نوازا ہے ۔مسٹر سنگھ نے 'بھارتیہ بھاشا جن سرویکچھن'کے تحت شائع ہونے والے50ضخیم جلدوں کی تدوین میں بیش قیمتی تعاون کرنے والے ان لسانی ماہرین کو سرٹی فکیٹ سے سرفراز کیا اور ملک کی لسانی تنوع کو بچائے رکھنے میں ان کی شراکت کی ستائش کی۔ ان میں 12 خواتین لسانی ماہرین اور ایڈیٹر ہیں۔اس منفرد منصوبے کے ایڈیٹر مشہور انگریزی اور گجراتی مصنف ڈاکٹر جی این ڈیوی ہیں جو گذشتہ 16 سال سے اس منصوبے کو عملی شکل دے رہے ہیں۔ اب تک اس منصوبے کے 37 جلد شائع ہو چکے ہیں۔مسٹر سنگھ نے اپنے خطاب میں مشہور شاعرعلامہ اقبال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان لسانی نقطہ نظر سے اتنا مختلف ہے اور اس کاباہمی اتحاد ایسا ہے کہ اس کی ہستی مٹتی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا واحد ایسا ملک ہیں جہاں اتنی زبانیں بولی جاتی ہیں اور سہ لسانی فارمولہ کام کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1961 کی مردم شماری میں ملک میں کل 500 زبانیں اور بولیاں تھیں لیکن اب سروے سے پتہ چلا کہ 970 زبانیں فی الوقت باقی ہیں، 120 زبانوں میں ریڈیو پروگرام ہوتے ہیں اور 65 زبانوں میں رسائل کی اشاعت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لسانی ماہرین کے سلسلے میں ہم نوم چامسکي جیسے غیر ملکی لسانی ماہرین کی اہمیت کا ذکر تو کرتے ہیں لیکن ممتاز فلسفی،صوفی،شاعر ، ڈرامہ نگاراور بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ابھینو گپتا کی اہمیت کو اس طرح پیش نہیں کرتے اور یہ ہماری نوآبادیاتی ذہنیت کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ہمیں زبانوں کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنا ضروری ہے تاکہ ان کا بہتر طورپر تحفظ کیا جاسکے ۔مسٹر ڈیوی نے تقریب میں 2024 تک دنیا کی 6 ہزار زبانوں کے سلسلے میں گلوبل اسٹیٹس رپورٹ شائع کرنے کا عظیم الشان منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 تک اس منصوبے کی پہلی جلدہمارے سامنے آ جائے گی۔تقریب میں سماجی علوم کے ماہر آشیش نندی نے ’بھارتیہ بھاشاؤں میں ویمرش کے دس کھنڈ‘کا اجرا بھی کیا۔ تقریب سے مشہور ادیب اور راجیہ سبھا کی سابق نامزد رکن ڈاکٹر کپلا واتسیاین نے بھی خطاب کیا۔


Share: